بالی ووڈ اسٹار ابھیشیک بچن نے اپنی بیٹی آرادھیا کی 13ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جس کی تصدیق ایک نئی ویڈیو کے ذریعے ہوئی ہے۔
آرادھیا کی سالگرہ کی تقریب، جو ایشوریا رائے نے منعقد کی تھی، میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ تاہم، تصاویر میں ابھیشیک کی غیر موجودگی نے ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے افواہوں کو مزید ہوا دی۔
لیکن حالیہ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ابھیشیک تقریب کے دوران منتظمین کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا: “جاتین، شکریہ ہمیشہ کے لیے۔ یہ 13 سال کا سفر ہے، آپ ہر سال آرادھیا کی سالگرہ کو خاص بناتے ہیں۔ آپ سب خاندان کی طرح بن گئے ہیں۔”
ایشوریا نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے آرادھیا کی سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: “میرے دل، میری روح، ہمیشہ اور ہمیشہ کے لیے۔”
کچھ عرصے سے ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی خبریں گرم تھیں، خاص طور پر جب ایشوریا کو دبئی میں ہونے والے گلوبل ویمنز فورم میں بچن سرنیم کے بغیر متعارف کرایا گیا۔
اس سے قبل، دونوں کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں بھی الگ الگ شرکت کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ ابھیشیک کا کو اسٹار نمرات کور کے ساتھ تعلق ہے۔