ڈی آئی خان: ضلع کرم میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا جس کے بعد 12 روز کے دوران کرم میں ہلاکتوں کی تعداد 131 ہوگئی۔
اسپتال ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرم میں 12 روز کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 186 تک پہنچ چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق ضلع کرم میں گزشتہ شام سے فائر بندی پر عمل درآمد جاری ہے، کرم میں 10 روز بعد تمام تعلیمی ادارے کھل گئے۔
دوسری جانب وہاں کے ایک ایم این اے حمید حسین نے کہا ہے کہ پشاور پارا چنار روڈ سمیت آمد و رفت کے راستے بند ہیں، خرلاچی بارڈر کی بندش سے آمد و رفت اور تجارت بھی بند ہے، کرم میں انٹرنیٹ، موبائل سروس اور شاہراہوں کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایم این اے حمید حسین نے کہا ہے کہ راستوں کی بندش سے اشیائے خور و نوش، ادویات اور پیٹرول کی قلت ہے، ضلع کرم میں اب تک 100 سے زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔