بیرسٹر گوہر کی لاتعلقی کافی نہیں، پی ٹی آئی نے غزہ کے شہدا کو اسلام آباد سے منسوب کیا، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے غزہ کے شہدا کی تصاویر سوشل میڈیا پر اسلام آباد کے مظاہرین سے منسوب کی، بیرسٹر گوہر کی جانب سے صرف لاتعلقی کافی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے اسلام آباد میں سیکڑوں ہلاکتوں سے دستبرداری کے بیان پر خواجہ آصف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صرف لاتعلقی کافی نہیں ہے، ان کے بیانات کے بعد ایک جھوٹ اور بہتان کا سیلاب آگیا ہے۔
خواجہ آصف نے لکھا کہ علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کی تمام اعلیٰ قیادت نے ٹی وی پر بیٹھ کر ہزاروں ہلاکتوں کا دعویٰ کیا، ایک صاحب نے تو 278 کے اعداد ایسے بتائیں جیسے انہوں نے خود لاشیں گنی ہیں۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف ڈی چوک میں سیکڑوں کارکنوں کی شہادت کے دعوے سے دستبردار
وزیر دفاع نے چیلنج کیا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی آئی 12 ہلاکتوں کے حوالے سے بھی ثبوت سامنے لائے، کسی کے جنازے کی تصویر یا پھر ورثا کی معلومات۔
خواجہ آصف نے بیرسٹر گوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ گوہر صاحب آپ کے لوگوں نے غزہ کے شہیدوں کی تصاویر ایکس پر شیئر کیں، معذرت کے ساتھ یہ جعلسازی اور فراڈ تحریک انصاف کے کلچر سے متعلق بہت کچھ بیان کرتا ہے۔