غیرقانونی اسٹریمنگ سے اربوں ڈالر کمانے والا دنیا کا سب سے بڑا پائریسی نیٹورک گرفتار

پائریٹڈ کانٹینٹ کی فراہمی سے یہ نیٹورک غیر قانونی طور پر 26کروڑ 30لاکھ ڈالر ماہانہ اور 3.15ارب ڈالر سالانہ کما رہا تھا


ویب ڈیسک December 02, 2024

یورپ میں 10 ممالک کی پولیس نے ایک بڑے مشترکہ آپریشن میں دنیا کے سب سے بڑے پائریسی نیٹورک کو دھر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آپریشن ٹیکن ڈاؤن میں برطانیہ، بلغاریہ، کروشیا، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ اور رومانیا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔

یہ نیٹورک مبینہ طور پر یورپ میں 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد صارفین کو پائریٹڈ کانٹینٹ فراہم کر رہا تھا اور غیر قانونی طور پر 26 کروڑ ڈالر سے زیادہ رقم ماہانہ اور سالانہ 3.15 ارب ڈالر کما رہا تھا۔ جس سے اسٹریمنگ سروسز کو سالانہ 10 ارب ڈالر تک کا نقصان ہو رہا تھا۔

آڈیو ویژول اینٹی پائریسی ایلائنس (اے اے پی اے) کی مدد سے قانون نافذ کرنے والوں کے اس آپریشن میں 17 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی کرپٹو کرنسی ضبط کی گئی اور 11 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 102 افراد زیرِ تفتیش ہیں۔

اے اے پی اے کے شریک صدر مارک ملریڈی کا کہنا تھا کہ اس پیمانے پر کیے جانے والے ملٹی-جیورِسڈکشنل لا انفورسمنٹ ایکشنز اس چیلنج کو واضح کرتے ہیں جس کا سامنا اس انڈسٹری کو پیچیدہ بین الاقوامی پائریٹ نیٹورکس کی وجہ سے کرنا پڑتا ہے۔

اس آپریشن سے قبل دو سال تک تحقیقات کی گئی جس میں یوروپول بھی شامل تھی۔ اس تحقیقات میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور غیرقانونی اسٹریمنگ فورمز کو زیر نگرانی رکھا گیا۔

یوروپول نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ کاپی رائٹ خلاف ورزی سے ہٹ کر اس معاملے میں دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد بھی ملے جس میں منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران 29 کمپیوٹر سرور اور سیکڑوں آئی پی ٹی وی ڈیوائس کو قبضے میں لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے