پیپلز پارٹی پسماندہ طبقات، بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے، بلاول

بلاول بھٹو کا معذور افراد کے عالمی دن پر معذور افراد کیلیے مساوی معاشرہ بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ


اسٹاف رپورٹر December 02, 2024

پاکستان پیپلز پارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کے لیے ایک جامع اور مساوی معاشرہ بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پسماندہ طبقات، بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے۔

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2024 کی تھیم، "معذور افراد کی قیادت کو مضبوط بنانا، جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے" کی توثیق کرتے ہوئے ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں معذور افراد کے کلیدی کردار اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ روزگار کے لیے کوٹہ کو یقینی بنانے سے لے کر شمولیتی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ تک، ہم نے ہمیشہ معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مساوی شراکت دار کے طور پر شامل کرنے کے لیے کام کیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور عوامی بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم تک رسائی دینا صرف قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ترقی پسند معاشرے کا اخلاقی فرض بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سماجی تعصبات اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جو عدم مساوات کو بڑھاتے ہیں اور ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد ترقی کر سکے۔

انہوں نے 2024 کے موضوع کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے بلکہ پائیدار مستقبل کے لیے قیادت کے لیے بھی بااختیار بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا قائدانہ کرادر ایک حقیقی جامع پاکستان کے حصول کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ معذور افراد کے حقوق سے متعلق قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنائیں اور سندھ کی مثال سے سیکھیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام شہریوں کے لیے شمولیت، مساوات اور وقار کے فروغ کے اپنے مشن پر قائم ہے تاکہ کوئی شہری پائیدار ترقی کے حصول سے محروم  نہ رہ جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے