لاہور میں سسرالیوں کے تشدد سے لڑکی قتل، شوہر گرفتار
لاہور کے علاقے مغلپورہ میں گھریلو ناچاکی پر بیوی کو تشدد کر کے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مغلپورہ کے علاقے میں گھریلو ناچاکی پر اہلیہ کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے بروقت کارروائی کر کے گرفتار کرلیا۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے نوٹس لے کر ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان سے رپورٹ طلب کی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم جنید نے اپنی بیوی انیقہ پر بیلٹ اور پائپ سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور پھر دوران علاج انتقال کرگئی۔
پولیس کے مطابق ملزم جنید عرصہ دراز سے مقتولہ کو تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا، اطلاع ملنے پر بروقت کاروائی کرتے ملزم کو گرفتار کر لیا جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کیلیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔
ایس پی سول لائنز ڈاکٹر عبدالحنان نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ مغلپورہ نسیم خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیحات ہیں۔
دوسری جانب مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ وہ ایک روز قبل بیٹی کے گھر پہنچے تو اُسے تمام سسرال والے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنارہے تھے، اس دوران شوہر نے گلے میں پڑا دوپٹے کا پھندا کھینچا جس سے بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹی کی چار سال پہلے شادی ہوئی تھی، جس کے بعد سے تشدد معمول بن گیا تھا، گزشتہ روز نند ، ساس سسر اور شوہر سب ڈنڈوں، بیلٹ اور دیگر چیزوں سے تشدد کررہے تھے۔