گووندا اور کرشنا کے درمیان ناراضگی کی اصل وجہ سامنے آگئی

شو کی خاص بات ان کی کرشنا کے ساتھ جذباتی صلح تھی جس نے شائقین کے دل جیت لیے

معروف اداکار گووندا نے آخرکار اپنے بھانجے کرشنا ابھیشیک کے ساتھ 7 سالہ ناراضگی کو ختم کر دیا۔ دونوں کے درمیان تنازعہ کئی سالوں تک خبروں کی زینت بنا رہا۔ حال ہی میں نیٹ فلکس کے شو 'دی گریٹ انڈین کپل شو' پر دونوں نے اسٹیج پر جذباتی گلے لگا کر تمام گلے شکوے دور کر دیے۔

شو کے دوران، گووندا نے کھل کر بتایا کہ 2016 میں ہونے والے واقعے نے ان کے تعلقات کو خراب کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا، "میں اس وقت غصے میں تھا اور کرشنا کے کچھ جملوں پر اعتراض کیا تھا۔ میری بیوی سنیتا نے سمجھایا کہ انڈسٹری میں یہ سب ہوتا رہتا ہے اور کرشنا کو اپنا کام کرنے دو۔"

کرشنا نے معافی مانگتے ہوئے کہا، "میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں۔ اگر آپ کے دل میں کوئی غلط فہمی تھی تو میں معافی چاہتا ہوں۔"

کرشنا نے جذباتی انداز میں کہا، "آج میرے لیے خاص دن ہے۔ میرے سات سالہ 'ونواس' (ناراضگی) کا خاتمہ ہوا ہے۔ یہ لمحہ میری زندگی کے سب سے بہترین لمحات میں سے ایک ہے۔"

تنازعہ کا آغاز اس وقت ہوا جب گووندا کو کرشنا کے ایک مذاق سے بے عزتی محسوس ہوئی۔ بعد ازاں، کرشنا کی اہلیہ کشمیرا شاہ کے ایک ٹویٹ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا، جس میں "پیسے کے لیے ڈانس کرنے والوں" کا ذکر کیا گیا تھا۔ سنیتا آہوجا نے اس تنازعے کے باعث شو پر آنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ دونوں خاندانوں میں صلح ناممکن ہے۔

تلخ ماضی کے باوجود، یہ ملاقات ایک یادگار لمحہ بن گئی۔ گووندا شو میں شکتی کپور اور چنکی پانڈے کے ساتھ نظر آئے، لیکن شو کی خاص بات ان کی کرشنا کے ساتھ جذباتی صلح تھی جس نے شائقین کے دل جیت لیے۔


 

Load Next Story