شہر کے مختلف علاقوں میں گھروں سے 2 لڑکیوں کی گلے میں پھندا لگی ہوئی لاشیں ملیں۔
تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے لیاری بکرا پیڑی محبوب مسجد کے قریب گھر سے نوعمر لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔
ایس ایچ او ساجد دھاریجو نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 14 سالہ ماہ نور کے نام سے کی گئی جبکہ متوفیہ کے گلے میں دوپٹے کا پھندا لگا تھا تاہم جائے وقوعہ کے معائنے میں واقعہ پراسرار معلوم ہوتا ہے جسے فوری طور پر خودکشی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
متوفیہ گھر پر اکیلی تھی جبکہ متوفیہ ماہ نور جب 4 سال کی تھی تو اسے امداد اور اس کی اہلیہ نے گود لیا تھا ان کے یہاں کوئی اولاد نہیں تھی ، دونوں میاں بیوی گاڑیاں صاف کرنے والے کپڑے فروخت کرتے ہیں جو صبح اپنے کام پر چلے جاتے ہیں جبکہ واقعہ کی اطلاع پڑوسیوں کی جانب سے انہیں دی گئی تھی۔
پولیس جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر رہی ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا بھی تعین ہو سکے گا تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا اورنگی ٹاؤن کے علاقے 10 نمبر بسم اللہ کالونی میں گھر سے نوعمر لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جسے ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او مومن آباد شہباز نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 16 سالہ حرا کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفیہ کو والدہ نے کسی بات پر ڈانٹا تھا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں دوپٹے سے پھندا لگا کر دروازے کی چوکھٹ سے باندھ کر خودکشی کرلی تاہم پولیس اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔