ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان کا ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف کریک ڈاؤن

پی ٹی اے نے اب تک 312 اکاؤنٹس بلاک کیے، ایف آئی اے


ویب ڈیسک December 03, 2024

ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ بلوچستان نے ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف کریک ڈاؤن میں تقریبا ایک ہزار سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشان دہی کی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ اور تجزیے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔  مذکورہ ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر فیس بک، انسٹاگرام، ٹویٹر، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بلوچستان نے ریاست مخالف مواد شئیر کرنے میں ملوث 924 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی۔ ان اکاؤنٹس کی تفصیلات پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو فراہم کی گئیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق رپورٹ کردہ اکاؤنٹس میں 487 فیس بک ، 190 ٹک ٹاک ، 147 ٹوئٹر ، 88 انسٹا گرام اور 12 دیگر ایپلیکیشن کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔  اب تک  312 اکاؤنٹس کو پی ٹی اے کی جانب سے بلاک کیا گیا ہے۔ ریاست مخالف عناصر کے خلاف 14 انکوائریاں درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں ایف آئی اے سائبر کرائم بلوچستان نے 28 مختلف سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کی نشاندہی کی ہے جنہیں ریاست مخالف عناصر کے ذریعے گمنام رابطوں اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف عناصر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ملزمان کی نشاندہی کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں