مسلح افواج قوم کی حمایت سے ملک کو خطرات سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، آرمی چیف

جنرل عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کے قریب جاری فیلڈ تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کا دورہ کیا


ویب ڈیسک December 03, 2024

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مضبوط حمایت سے ملک کو ہرقسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کے قریب جاری فیلڈ تربیتی مشقوں میں حصہ لینے والے دستوں کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو مشق کے مقاصد اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مشق کے دوران مختلف دستوں نے جن میں آرمر، انفنٹری، میکنائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس شامل تھے مربوط فائر اور حرکت کے آپریشنز کا مظاہرہ کیا جبکہ الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔

آرمی چیف عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مضبوط حمایت کے ساتھ اپنی مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور خود مختاری کو ہرقسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ آرمی چیف نے دن میدان میں فوجیوں کے ساتھ گزارا اور ان کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری، اور بلند حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف نے شرکاء سے بات چیت کے دوران، انہوں نے ہر وقت مکمل تیاری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دشمن کی طرف سے ممکنہ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ قبل ازیں مشق کے علاقے میں آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں