بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں کشمیری نوجوان شہید

قابض بھارتی فوج نے سری نگر میں سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا


ویب ڈیسک December 03, 2024

قابض بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کی آڑ میں چُن چُن کر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا کر نسل کشی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع سری نگر میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔

گھر گھر تلاشی کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں بچوں تک کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر سے نہتے کشمیری نوجوان کو حراست میں لے لیا اور اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے۔

کشمیری نوجوان کے والدین اپنے جگر کے ٹکڑے کی تلاش میں کبھی کسی فوجی اڈے اور کبھی کسی تھانے کی خاک چھانتے رہے۔

بعد ازاں کشمیری نوجوان کی تشدد زدہ اور گولیاں لگی لاش ایک سنسان جگہ سے برآمد ہوئی۔ پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

اہل محلہ سڑکوں پر نکل آئے اور جدوجہدِ آزادیٔ کشمیر کے حق کے میں شدید نعرے بازی کی۔

قابض بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہید نوجوان کی لاش شہدا کے لواحقین کے حوالے کرنے سے بجائے پولیس کے سپرد کردی۔

شہید کے لواحقین کو اپنے پیارے کی لاش کے حصول کے لیے طویل قانونی اور کاغذی کارروائیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں