آئی ایم ایف پروگرام بغیر کسی رکاوٹ اورتعطل کے جاری ہے، وزارت خزانہ

آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق قیاس آرائیاں عدم شواہد پر مبنی ہیں، اعلامیہ وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پروگرام بغیر کسی رکاوٹ اور تعطل کے ہموار طریقے سے جاری ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے اسٹاف کے ساتھ قریبی تعاون سے 37 ماہ کا پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام شرائط پوری کی جارہی ہیں۔ وزیرخزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب میکرو اکنامک اصلاحات کو جاری رکھنے کے حوالے سے حکومت کے کمٹمنٹ کا مسلسل اظہار کرتے رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کو حالیہ بریفنگ میں وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ میکرو اکنامک استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کتنا ضروری ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹوں سے متعلق قیاس آرائیاں اندازوں اور قابل اعتماد شواہد کی غیر موجودگی پر مبنی ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی مکمل توجہ معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور آئی ایم ایف پروگرام کی تمام شرائط کو شفافیت کے ساتھ پورا کرنے پر مرکوز ہے جو کہ مضبوط اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پروگرام کے نفاذ میں رکاوٹیں ہیں لیکن انھوں نے کہا کہ حکومت 7 ارب ڈالر کے پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

Load Next Story