راولپنڈی:
توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں، ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی، پبلک پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمہ جان بوجھ کر نہیں آرہی بلاضمانٹ وارنٹ جاری کی جائیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو سماعت ہوئی۔
ملزمہ بشرٰی بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں اور ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔
وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ ملزمہ نئے درج ہونے والے مقدمات کی ضمانت حاصل کرنے کے لیے پشاور ہائی کورٹ گئی ہیں، ملزمہ نے پشاور میں عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے، عدالت مقدمہ کی سماعت پیر تک ملتوی کر دے یقین دہانی کراتے ہیں ملزمہ عدالت میں پیش ہوجائے گی۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا کہ ملزمہ جان بوجھ کر عدالت پیش نہیں ہو رہی، ملزمہ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کی جائیں۔
بعدازاں کیس کی سماعت 5 دسمبر جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔