امریکا نے اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقوں حاریص اور طلوسہ پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایک امریکی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی اقدامات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی عہدیدار کے بقول جوبائیڈن انتظامیہ نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکام خطر ناک کھیل کھیل رہے ہیں۔
دریں اثنا اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں نے بھی وائٹ ہاؤس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سرحد پر حالیہ کشیدگی کے باوجود جنگ بندی کی پابند کریں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا اس نے حزب اللہ کے کفرشوبا کے ٹیلوں میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کے جواب میں یہ کارروائی کی۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی امریکی ثالث میں ایک ہفتے قبل 27 نومبر کو نافذ العمل ہوئی تھی۔