لاہور:
پولیس نے گزشتہ تین ماہ کے دوران پنجاب میں پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاجی مظاہروں میں ملزمان کی گرفتاریوں اور مقدمات کی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر سے نومبر تک پنجاب بھر سے 9405 سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں و قیادت کے خلاف 354 مقدمات درج ہوئے، دہشت گردی کی دفعات کے تحت 63 مقدمات کا اندراج ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اقدام قتل، پولیس مقابلوں سمیت دیگر دفعات کے تحت 291 مقدمات درج ہوئے، تین ماہ میں سب سے زیادہ 149 مقدمات لاہور میں درج ہوئے، دہشت گردی کی دفعات کے تحت لاہور میں 5 مقدمات درج کیے گئے، 149 مقدمات میں ملوث 1325 کارکنوں و قیادت کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مسرت چیمہ و احمد رشید بھٹی کی گرفتاری لاہور سے اکتوبر میں کی گئی، پنجاب بھر میں درج مقدمات میں 7204 سیاسی کارکن و قائدین نامزد ہیں۔