عدم ادائیگی پر  کے الیکٹرک نے پاکستان ریلوے کے کنکشنز منقطع کرنا شروع کردیے

بغیر ادائیگی کے بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنا کے الیکٹرک کیلیے ممکن نہیں ہے، ترجمان


اسٹاف رپورٹر December 03, 2024

کراچی:

 کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان ریلوے کے مختلف مقامات پر کنکشنز منقطع کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب مئی 2024 سے43کروڑ روپے کے بقایاجات ہیں جن کی ادائیگی نہیں کی گئی، اس صورتحال میں بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔

 ترجمان کے مطابق  کے الیکٹرک پاکستان ریلوے حکام سے گزارش کرتی ہے کہ وہ 31 کنکشنز کے مئی 2024 سے جمع ہونے والے 43 کروڑ روپے کے واجب الادا بقایاجات فوری طور پر ادا کریں۔ بغیر ادائیگی کے بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنا کے الیکٹرک کیلیے ممکن نہیں ہے۔

ریگولیٹری پالیسیوں کے مطابق، کے الیکٹرک نے متعدد بار نوٹس جاری کیے اور نادہندہ کنکشنز کو منقطع کیا۔ بجلی کی فراہمی اس وقت بحال کی گئی جب ریلوے حکام نے بقایاجات کی ادائیگی اور ماہانہ بلوں کی بروقت ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم، کے الیکٹرک کی طرف سے تعاون کے باوجود، یہ وعدے بارہار خلاف ورزی کا شکار ہوئے۔

ایسی صورتحال میں کے الیکٹرک پاس کوئی اور راستہ نہیں سوائے اس کے کہ بقایاجات کی ادائیگی تک نادہندہ کنکشنز کو غیر معینہ مدت کے لیے منقطع کر دیا جائے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کو متعدد بار واجبات کی ادائیگی کے نوٹس جا ری کیے گئے لیکن اس کے باوجود بلوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں