کراچی:
شہر قائد کی مصروف ترین کاروباری شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں لگنے والی آگ پر 4 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کی اشیا خاکستر ہوگئیں۔
ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں لگنے والی آگ سے کروڑوں روپے مالیت کے ٹائر، اسپیئر پارٹس، فوم، آٹو پارٹس اور چمڑے کی اشیا جل کرراکھ ہوگئیں۔
آگ لگنے سے متعدد گودام قیمتی سامان سمیت جل کر راکھ کا ڈھیربن گئے۔ آگ پہلے تیسری منزل پرلگی جس نے بڑھ کرشدت اختیار کی اور شعلے چوتھی پھر پانچویں منزل تک پہنچ گئے۔
آگ لگنے کے بعد پلازہ میں کئی لوگ پھنس گئے تھے جنہیں رضاکاروں نے ریسکیو کیا۔ ایم اےجناح روڈ پررش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مجموعی طور پر 12 فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں استعمال کئے گئے جبکہ دو اسنارکل بھی استعمال کی گئیں۔ تقریبا چارگھنٹے کی مسلسل جدوجہد کےبعد آگ بجھادی گئی مگرگوداموں میں موجود خطیرمالیت کے ٹائر، اسپیئر پارٹس ،فوم، آٹو پارٹس اور چمڑے کی اشیا جل گئیں۔
فائر فائٹرز کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے آگ بجھانے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ہے، امدادی کارروائیوں میں پاک بحریہ کے دو فائر ٹینڈرز، فائر باؤزر اورعملے نے بھی حصہ لیا۔ فوری طورپرآگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔