نومبر میں مقامی سیمنٹ کی ترسیلات میں اضافہ

سیمنٹ کی برآمدات 5 ماہ 3.128 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.027 ملین ٹن ہو گئی ہیں، ترجمان ایسوسی ایشن


ویب ڈیسک December 03, 2024
سیمنٹ ایسوسی ایشن نے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کم کرنے کا مطالبہ کیا—فوٹو: فائل

کراچی:

پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر2024 کے دوران مقامی سیمنٹ کی ترسیلات میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری مقامی طلب بڑھانے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ  کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 5.58فیصد کا اضافہ ہوا اور مجموعی فروخت 4.146 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 3.927 ملین ٹن تھی۔

ترجمان نے کہا کہ نومبر2024 میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.39 فیصد اضافہ سے 3.342 ملین ٹن رہی جو کہ نومبر2023 میں 3.264 ملین ٹن تھی، نومبر میں برآمدات 21.27 فیصد اضافے کے ساتھ 662,374 ٹن سے بڑھ کر 803,258 ٹن ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نومبر2024 میں شمالی علاقے کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.925 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی، جو نومبر2023 میں2.867 ملین ٹن تھی، اس میں 2.01 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے نومبر2024 میں 1.220 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی، جو نومبر2023 میں 1.060 ملین ٹن سے 15.21 فیصد زائد رہی۔

ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت (مقامی اور برآمدات) 18.779 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کی جانے والی 19.818 ملین ٹن فروخت سے 5.24 فیصد کم ہے۔

ترجمان کے مطابق 5 ماہ میں مقامی سیمنٹ کی فروخت11.61فیصد کمی سے 14.752 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں16.690 ملین ٹن تھی۔

انہوں نے کہا کہ 5 ماہ کی برآمدات میں 28.73 فیصد کا اضافہ ہوا، برآمدات 3.128 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.027 ملین ٹن ہو گئی ہیں۔

حکومت سے مطالبہ دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کی فروخت، خاص طور پر مقامی طلب میں اضافے کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی ناگزیر ہے، ڈیوٹی اور ٹیکسز میں کمی سے قیمتوں میں کمی آئے گی اور طلب میں اضافہ ہوگا۔

ترجمان پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ڈیوٹی ٹیکسز کم کرکے سیمنٹ سیکٹر کی غیراستعمال شدہ پیداواری صلاحیت کا فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں