پانچ سالہ منصوبے میں کراچی-پشاورموٹروے کامنصوبہ مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر

چین کی دعوت پر پاکستانی وفد 10 سے 23 دسمبر کودوہفتوں کا دورہ کرے گا اور سی پیک کے فیز ٹو پر کام کریں گے، احسن اقبال

احسن اقبال نے سائٹ میں تقریب سے خطاب کیا—فوٹو: فائل

کراچی:

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 5 پانچ سالہ منصوبے میں کراچی-پشاورموٹر وے کا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا اور چین کی مدد سے کراچی-حیدر آباد موٹروے بنے گی۔

کراچی کے سائٹ لیمٹڈ میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ میرے لیے سائٹ آنا اعزاز ہے، وفاقی حکومت نے سائٹ کے لیے 5 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں اسی منصوبے کا جائزہ لینے آیا تھا، جس کا وعدہ وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا، 5 ارب روپے کا منصوبہ معاشی ترقی کی سوچ کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو برآمد کرنے والا ملک بنانا ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے صنعتی پیداوار بڑھانا ہوگی، 5 سالہ منصوبہ پاکستان کو مضبوط بنائے گا اورحکومت کی جانب سے 5 سالہ منصوبے کا اعلان وزیراعظم اسی مہینے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کروڑ اور ارب پتی اس ملک نے بنایا ہے، پاکستان کے تمام سرمایہ کاروں کو کہوں گا کہ اس ملک کو مل کر ٹھیک کرنا ہے، ایکسپوٹرز کو کہتا ہوں کہ حکومت آپ کی پشت پر کھڑی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کچھ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ہم عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام میں ہیں تاہم آہستہ آہستہ مایوسی کے بادل چھٹ جائیں گے، ملک سے انتشار ختم کرکے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے 30 رکنی پاکستانی ماہرین کے وفد کو مدعو کیا ہے، پاکستانی وفد 10 سے 23 دسمبر کو چین کا دو ہفتوں کا دورہ کرے گا، دورے پر سی پیک کے فیز ٹو پر کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مخصوص سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دہشت گردی کے بیج دوبارہ بوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے جوان دہشت گردید کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں، سی پیک منصوبے کو سست کرنے کے لیے چینی مہمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی ہمارے مہمان اور ہیرو ہیں، پاکستان چینی مہمانوں کی حفاظت کی یقین دہانی کرا چکا ہے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ پانچ سالہ منصوبے میں کراچی-پشاورموٹر وے کا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا اور چین کی مدد سے کراچی-حیدرآباد کی نئی موٹر وے بنائے گے۔

Load Next Story