بشریٰ بی بی پشاور ہائیکورٹ میں پیش، 23 دسمبر تک راہداری ضمانت منظور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو پشاور ہائی کورٹ نے 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔
پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس وقار احمد نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی اور ان کی جانب سے وکیل عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے نمائندگی کی۔
عالم ادینزئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے 27 مقدمات میں راہداری ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں کیونکہ ان کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ان کو پابند کریں کہ یہ وہاں عدالت میں پیش ہوں۔
جسٹس وقار احمد نے کہا کہ ہم ان کو راہداری ضمانت اس لیے دیتے ہیں تاکہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں اور یہ وہاں پیش ہو جاتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے استدعا کی کہ تھوڑا زیادہ وقت دیا جائے کیونکہ 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے، جس پرجج نے کہا کہ زیادہ وقت اس لیے نہیں دے سکتے کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں آنے والی ہے۔
بعدازاں عدالت نے 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔