’اداکاری نہیں چھوڑ رہا'، وکرانت میسی کا ریٹائرمنٹ کے بیان سے یوٹرن

کام کی زیادتی کی وجہ سے میری صحت متاثر ہو رہی تھی، اس لیے یہ فیصلہ لیا ہے، اداکار

بالی وڈ کے مشہور اداکار وکرانت میسی نے حالیہ انسٹاگرام پوسٹ پر مداحوں کے خدشات کو دور کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اداکاری چھوڑ نہیں رہے بلکہ صرف کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔

37 سالہ اداکار نے پیر کو ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا، "2025 میں اپنے مداحوں سے آخری بار ملوں گا۔" اس بیان نے مداحوں میں تشویش پیدا کر دی کہ وکرانت فلم انڈسٹری کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ رہے ہیں۔

تاہم، منگل کو وکرانت میسی نے اپنے ترجمان کے ذریعے وضاحت جاری کی کہ وہ صرف صحت اور خاندانی ذمہ داریوں کی وجہ سے وقفہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "میری پوسٹ کو غلط سمجھا گیا۔ میں اداکاری چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ اپنی ذہنی اور جسمانی صحت پر کام کرنے کے لیے بریک لے رہا ہوں۔"

وکرانت میسی نے کہا، "اداکاری نے مجھے سب کچھ دیا ہے اور میں صرف یہی کر سکتا ہوں۔ لیکن کام کی زیادتی کی وجہ سے میری صحت متاثر ہو رہی تھی، اس لیے یہ فیصلہ لیا ہے۔ مناسب وقت پر فلم انڈسٹری میں واپس آؤں گا۔"

 

Load Next Story