وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور بشریٰ بی بی کو گرفتار کروائیں گے، فیصل واوڈا

حکومت نے ڈفرز کی فوج رکھی ہوئی ہے جو وضاحت اور اپنا دفاع تک کرنے میں ناکام ہے، سابق وفاقی وزیر

فوٹو اسکرین گریپ

اسلام آباد:

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور اس کے حواری خان کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں اور یہ عمران خان کی لاش کا سودا کریں گے، پی ٹی آئی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہوجائیں گے جبکہ وزیراعلیٰ گنڈا پور بشریٰ بی بی کو گرفتار کروائیں گے اور وہ یہی بات طے کر کے اسلام آباد سے لے کر گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری کے ساتھ  گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ساری گیم  جیسے میں سمجھا رہا ہوں  ویسی ہی ہو رہی ہے۔ گوگی گینگ، دولت کی لوٹ مار، بزدار سب بی بی کے ہیں،  بچے  اور ان کا پرانا شوہر بھی اربوں روپے بنا چکا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی بات پر یقین کریں ، بیگم صاحبہ کی یا علیمہ خان کی؟ میں  یہ سمجھتا ہوں  کہ بہنیں مخلص ہیں کیونکہ وہ عمران خان کی جان کا سودا کریں گی اور نہ ہی انہیں دولت طاقت سے کوئی مطلب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق بیوی جمائما صاحبہ اور ان کے بچے بھی عمران خان سے مخلص ہیں، عمران کو چوری کرنی ہوتی تو جمائما کو طلاق دیتے ہوئے قانونی طور پر انہیں اربوں  ڈالر مل سکتے تھے مگر انہوں نے نہیں لیے تو اس کا مطلب چور تو بنایا گیا ہے تاہم انہیں بری الذمہ قرار دیا نہیں جاسکتا کیونکہ اُن کے ہی دستخط سے ساری چیزیں ہوئیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ کل عمران خان کا ایک اچھا بیان آیا تو اسی وقت اُن کے ہینڈل سے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ٹویٹر پر بیان داغ دیا گیا، عمران خان  تو ٹویٹر استعمال نہیں  کرتے ، تو کون لوگ ہیں کہ ان کے لیے بہتری ہوتی ہے تو ان کے لیے تباہی کھڑی کر دیتے ہیں ؟اس میں  کوئی شک نہیں  ہونا چاہیے کہ وہ سو فیصد پی ٹی آئی میں  یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال نے تین لاشوں کا بالکل درست سرٹیفکیٹ جاری کیا اور وجہ موت گولیاں لگنے کو قرار دیا مگر رپورٹ میں یہ تو نہیں  لکھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے اپنے بندے خود مارے ہیں  یا پولیس نے مارے ہیں۔ 

فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کی جو وضاحت ہے وہ اپنا دفاع نہیں کرپارہے جبکہ ڈفرز کی ایک فوج رکھی ہوئی ہے تو اس کا قصور وار میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کو مد نظر رکھتے ہوئے تین چیزیں بہت اہم ہیں ۔ آرمی چیف نے جو آج بیان دیا ہے اس کو بہت اہمیت دیں کیونکہ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اپنے ملک اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں  ہے۔ہم کسی کے ساتھ ہیں  نہ کسی کے مخالف ہیں۔ 

فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت جو بیانیہ بنا رہی ہے کہ اسٹیبشلمنٹ بمقابلہ پی ٹی آئی اے یہ بالکل غلط ہے کیونکہ ریاست کا پی ٹی آئیس ے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ یہ حکومت اور تحریک انصاف کا مقابلہ ہے۔  

سابق وفاقی وزیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کا جو جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ ہے تو پختون کا آئی ڈی کارڈ لے کر جو غیر قانونی پختون ہیں ان کو ضرور پکڑے ، لیکن پختون کا نام لے کر یہ بات نہ کریں، میں  اس کی سخت مذمت کرتا ہوں ۔ یہ بہت خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے جو صوبائیت پر باتیں  کی جاتی ہیں۔

ایک سوال پر انہوں  نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اعلی سطح پر شدید تقسیم ہیں، وکلا بھی بٹے ہوئے ہیں، بیگم صاحبہ اور بہنیں ایک طرف ہیں جبکہ آٹھ دس گروپ تو پارٹی میں سامنے نظر آ رہے ہیں۔ ایک خان کو بٹھا رہا ہے، ایک خان کو لٹا رہا ہے ، ایک خان کو پاگل کر رہا ہے، ایک خان کے ٹویٹر کے خلاف بات کررہا ہے۔ 

’خان صاحب ابھی بیگم صاحبہ کو ہی اختیار اور طاقت دیں  گے کیونکہ ان کی آنکھوں  پر پٹی ہے۔ خان صاحب کو چارج اپنے ہاتھ میں  لینا پڑے گا۔ انہوں  نے اپنی زندگی کو خود بچانا ہے۔ ان کو روکنے کے لیے جو کوشش کر سکتاہوں کر رہا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور معاہدہ کر کے بشریٰ بی بی کو خیبرپختونخوا لے کر گئے ہیں اور وہ ہی گرفتار کروائیں گے، بشری بی بی وزارت اعلیٰ گنڈا پور کی وزارت اعلیٰ کے چکر میں ہیں مگر وہ پہلے گرفتار ہوجائیں گی، اگر گرفتار کرنا ہوا تو خیبرپختونخوا بھی پاکستان کا ہی حصہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما کمپورومائزڈ ہیں اور بیان حلفی جمع کروا کے آئے ہوئے ہیں، عمر ایوب کا کام مکمل ہوچکا ہے لہذا وہ اب زیادہ اچھل کود نہ کریں کیونکہ پھر گھر آنے جانے میں بھی مشکل ہوسکتی ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پاس بھی گیا جبکہ زرداری صاحب کے پاس بھی جائوں  گا، مولانا صاحب کے پاس بھی جاؤں گا، بلاول صاحب کو بتایا کہ خان صاحب کی جان کو ان کی بیوی اور حواریوں  سے خطرہ ہے۔ انہوں  نے کہا کہ کسی کی جان کے بارے میں  تشویش اہم ہے۔ 

فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کی جان بچانے کے لیے جتنی بھی ایس او پیز ہیں ان کو حکومت اور فول پروف کرے اور ایسا کر دے کہ کوئی چانس نہ ہو۔
 

Load Next Story