کراچی: ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق
گلشن اقبال اور گارڈن میں ٹریفک حادثات کے دوران خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 6 بس اسٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے خاتون کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے واٹر ٹینکر کے شیشے توڑ دیئے۔ متوفیہ کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔
اس حوالے سے ہیڈ محر اے ایس آئی اشرف نے بتایا کہ فوری طور پر متوفیہ کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 55 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم، پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ حادثے کا شکار خاتون راہگیر تھی۔جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ بس اسٹاپ پر کھڑی تھی جسے واٹر ٹینکر نے روند دیا تھا۔
دریں اثنا نشتر روڈ گارڈن ٹریفک پولیس چوکی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لیجائی گئی۔
چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 30 سالہ احمد کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار اور بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔