قومی ویمن فٹبال ٹیم کو سعودی عرب سےدوستانہ میچ کیلئے این او سی جاری
وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کی اجازت کے بعد قومی ویمن فٹ بال ٹیم کو سعودی عرب ویمن فٹ بال ٹیم سے دوستانہ میچ کے لیے این او سی جاری کردیا گیا اورقومی ٹیم آج قطر کے شہر دوحا روانہ ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ سے اجازت ملنے کے بعد پی ایس بی نے منگل کو این او سی جاری کیا اور اب قومی ویمن ٹیم آج اپنی منزل کی جانب روانہ ہوجائے گی۔
قومی ویمن فٹ بال ٹیم کو اہم اجازت نامے کے اجرا میں تاخیر کے سبب تمام منتخب کھلاڑی قومی اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکیں، برطانوی شہریت کی حامل قومی ویمن کپتان ماریہ خان اور کھلاڑی یسریٰ خان براہ راست لندن سے دوحا پہنچیں گی۔
سعودی ویمن فٹ بال ٹیم سے دوستانہ ویمن میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا جبکہ میچ سے قبل قطر میں سہ روزہ قومی ویمن کیمپ کا انعقاد ہوگا، دوحہ میں کیمپ کے اخراجات سعودی فٹ بال فیڈریشن برداشت کرے گی۔
پاکستان کے اسکواڈ میں 8 رکنی اسپورٹنگ اسٹاف بھی شامل ہے، دوستانہ میچ کے بعد قومی ویمن ٹیم 9 دسمبر کو واپس وطن پہنچ جائے گی۔