نوجوان نسل کو تخریبی سرگرمیوں میں مبتلا کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، گورنر پنجاب

روز روز احتجاج کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند رہے اور تعلیم حاصل کرنے والوں کا بہت نقصان ہوا ہے، سردارسلیم حیدر

MURREE:

گورنرپنجاب سلیم حیدر خان نے طلبہ کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی قیادت کا نوجوان نسل کو تخریبی سرگرمیوں میں مبتلا کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں پرنسپل بریگیڈیر مجاہد عالم کی الوداعی تقریب میں شرکت کی جہاں خطاب میں انہوں نے کہا کہ نوجوان  نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور مثبت کردار سازی بھی ضروری امر ہے، طلبہ کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔

گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ایک سیاسی قیادت کا نوجوان نسل کو تخریبی سرگرمیوں میں مبتلا کرنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

کالج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لارنس کالج گھوڑا گلی ایک قدیمی درسگاہ ہے، آنے والی نسلوں کو ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی طرف راغب کرنا ہے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ روز روز احتجاج کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند رہے اور تعلیم حاصل کرنے والوں کا بہت نقصان ہوا ہے۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے ماردھاڑ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور توقع کرتا ہوں کہ ہمارے نوجوان ملک کے مستقبل کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔

Load Next Story