احتجاج ختم نہیں ہوا، تمام جماعتیں غیر قانونی حکومت کیخلاف آواز اٹھائیں، اسد قیصر

جیلوں میں قید لوگوں کی رہائی پہلی ترجیح ہے، ظلم کے خلاف ہر حد تک جائیں گے، پی ٹی آئی رہنما


ویب ڈیسک December 04, 2024
(فوٹو: فائل)

پشاور:

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا ہے، تمام جماعتیں غیر قانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائیں۔

عدالت میں ضمانت کے لیے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آج ہم عدالت آئے ہیں، عدالت نے حفاظتی ضمانت دی ہے۔ 26 تاریخ کو ظلم ہوا جب کہ آئین ہمیں احتجاج کا حق دیتا ہے۔ آئین ہر شہری کو حق دیتا ہے کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائے۔

اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے دہشت گردی دکھائی اور شہریوں پر گولیاں چلائیں، شیلنگ کی گئی۔ تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اب پختونوں کے ساتھ وہاں پر ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ پنجاب پولیس اور خاص کر اسلام آباد پولیس پختونوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ پی ٹی آئی سب سے مقبول جماعت اور یکجہتی کی علامت ہے۔ اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ناجائز طور پر جیل میں رکھا گیا، کارکنوں کو بھی جیل میں رکھا گیا ہے۔ اب ہمارے پاس کیا آپشن ہے، یہ صوبے کے عوام کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، اسلام آباد کو پختونوں کے لیے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا ہے، کوئی اگر اس کا غلط فائدہ اٹھائے تو یہ اس کی بھول ہے۔ ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمے داری ہے کہ غیرقانونی حکومت کے خلاف آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ افسران کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنی قانونی حد سے آگے نہ بڑھیں۔ ہمارا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا، ہمارے جو لوگ جیلوں میں ہیں، ان کی رہائی ہماری پہلی ترجیح ہے۔ پوری دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان میں مارشل لا ہے۔ جو ظلم ہوا ہے، اس کے خلاف ہرحد تک جائیں گے۔ انٹرنیشل فورم پر بھی آواز اٹھائیں گے۔ ہم عوام ہیں، ہم نے احتجاج کرنا ہے، اپنے ایشوز کے لیے آواز بلند کریں گے۔ احتجاج سے روکنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔

حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور

قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں اسد قیصر اور شہرام خان ترکئی کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت جسٹس شکیل احمد نے کی۔ عدالت نے اسد قیصر اور شہرام ترکئی کو 27 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی۔ عدالت نے وفاقی اداروں سے مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں