اسلام آباد:
جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان کی دہشت گردی کی دفعہ خارج کرنے کی درخواست پر عدالت نے فریقین کے وکلاء کو کل دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے درخواست پر سماعت کی۔
عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس سے دہشت گردی دفعہ ختم کر کے کیس سیشن کورٹ بھیجنے کی استدعا کر رکھی ہے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی دہشت گردی دفعہ ختم کرنے کی درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
دوسری جانب، عدالت نے اسی کیس میں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی بریت کی درخواست خارج کر دی۔
عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ابھی مقدمہ ابتدائی مرحلے میں ہے اس لیے بریت کی درخواست قبل از وقت ہے، ٹرائل اور شھادتیں پیش ہونے کے بعد صورتحال سامنے آئے گی تاہم بادی النظر میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں سنگیں الزامات ہیں۔
مزید پڑھیں؛ عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بریت کی درخواست دائر کردی
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے دو دسمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں بری کرنے اور سانحہ 9 مئی کیسز میں دہشت گردی دفعات 7 اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے بریت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ جن تین ملزمان کے مبینہ بیان پر مجھے مقدمے میں ملوث کیا گیا، ان تینوں ملزمان نے اس بیان کی عدالت میں باقاعدہ تردید کرتے ہوئے بیان داخل کر دیا ہے جس سے ان کے خلاف الزام ختم ہوگیا ہے لہٰذا انہیں بری کیا جائے۔
دوسری درخواست میں عمران خان کا موقف تھا کہ سانحہ 9 مئی کیسز میں دہشت گردی دفعات غیر قانونی ہیں انہیں ختم کر کے کیسز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت ٹرانسفر کیا جائے۔