آسٹریلیا کے سابق لیجنڈ سر ڈان بریڈمین کی تقریباً 80 سال پرانی ٹیسٹ 'بیگی گرین کیپ' کروڑوں روپے میں نیلام ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 دسمبر کو سڈنی کے مقامی نیلام گھر میں سر ڈان بریڈمین کی بیگی گرین کیپ 3 لاکھ 90 ہزار آسٹریلوی ڈالرز (7 کروڑ پاکستانی روپوں سے زائد) میں نیلام ہوئی۔
آنجہانی سر ڈان بریڈمین نے یہ ٹیسٹ کیپ اپنی آخری ٹیسٹ سیریز کے دوران پہنی تھی، جو 48-1947 میں بھارت کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلی گئی تھی۔
اس سیریز میں بریڈمین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی 100ویں فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی تھی، دائیں ہاتھ کے بیٹر نے 6 اننگز میں 715 رنز بنائے تھے جس میں 3 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری شامل تھی۔
مزید پڑھیں: وارنر کی چوری شدہ کیپ تلاش کرنے کیلئے جاسوسوں کی خدمات لینے کی اپیل
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیلام ہونے والی بریڈمین کی یہ کیپ وہ واحد بیگی گرین کیپ ہے جو اس سیریز سے اب تک محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ بریڈمین کو کرکٹ کی تاریخ کا سب سے عظیم بیٹر مانا جاتا ہے۔ انہوں نے 52 ٹیسٹ میچز میں 99.94 کی اوسط سے 6996 رنز بنائے، جن میں 29 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ طویل فارمیٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریوں (12) کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: الوادعی میچ سے قبل وارنر کی ٹیسٹ کیپ چوری ہوگئی
سابق آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین 2001 میں 92 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔