فلم ’’آنکھیں‘‘ میں بندر کو ہیرو سے زیادہ معاوضہ ملا، چنکی پانڈے کا انکشاف

اداکاروں سے زیادہ بندروں کا خیال رکھا جاتا تھا اور فائیو اسٹار ہوٹل قیام میں ہوتا تھا


بھارتی اداکار چنکی پانڈے نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ان کی بلاک بسٹر فلم ’’آنکھیں‘‘ میں کام کرنے والے بندر کو ان سے زیادہ معاوضہ دیا گیا تھا۔

چنکی پانڈے نے نیٹ فلکس پر آن ایئر ہونے والے دی گریٹ انڈین کپل شو میں ساتھی اداکار گووندا کے ساتھ شرکت کے دوران یہ بات شیئر کی کہ فلم ’’آنکھیں‘‘ میں گووندا اور ان سے زیادہ معاوضہ بندر کو دیا گیا تھا۔

چنکی کا کہنا تھا کہ بندروں کو اداکاروں سے نہ صرف زیادہ معاوضہ ملتا تھا بلکہ انھیں فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام اور زیادہ لاڈ پیار سے بھی رکھا جاتا تھا۔

گووندا، چنکی پانڈے اور شکتی کپور کی یادگار بلاک بسٹر ایکشن کامیڈی فلم ’’آنکھیں‘‘ 1993 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ہدایت کار ڈیوڈ دھون تھے۔ شو میں شریک شکتی کپور نے بھی مذاق میں کہا کہ ’’ہم نے یہ فلم ایک ساتھ کی تھی، جہاں یہ دونوں ہیرو تھے، دراصل دو نہیں، تین ہیرو تھے، گووندا، چنکی اور ایک بندر‘‘۔

شکتی نے ممبئی کے سن اینڈ سیند ہوٹل میں بندر کے قیام کا مزاحیہ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ’’جب بھی ڈیوڈ بندر کو بلاتا تو چنکی دکھائی دیتا اور جب بھی اس نے چنکی کو بلایا تو بندر ظاہر ہوجاتا‘‘۔

آنکھیں کے بارے میں بات کرتے ہوئے چنکی پانڈے نے کہا کہ ’’مجھے بتایا گیا تھا کہ فلم میں میرے علاوہ سب کا ڈبل رول ہے، اور میں نے کہا تھا کہ یہ مناسب نہیں۔ تو انھوں نے مجھے ایک بندر دیا۔ اس بندر کو مجھ سے اور گووندا سے زیادہ تنخواہ ملتی تھی۔ یہ ایک مہنگا بندر تھا اور چھ معاون لوگوں کے ساتھ سفر کرتا تھا۔ اس بندر کی وجہ سے سیٹ پر بہت مزاحیہ سین ہوئے لیکن سب اس سے پیار کرتے تھے۔‘‘

یاد رہے کہ چنکی پانڈے اس وقت فلم ’’ہاؤس فل 5‘‘ کی شوٹنگ کررہے ہیں، جس کی ہدایت کاری ترون منسوخانی نے کی ہے۔ فلم میں اکشے کمار، نرگس فخری، جیکولین فرنینڈس، فردین خان، سونم باجوہ، ابھیشک بچن، رتیش دیش مکھ اور جانی لیور شامل ہیں۔ یہ فلم جون 2025 میں ریلیز ہوگی۔

Load Next Story