زرتاج گل، رؤف حسن و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کا ضمانت کیلیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع

صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی ضمانتیں منظور

(فوٹو: فائل)

پشاور:

پی ٹی آئی رہنماؤں زرتاج گل، رؤف حسن اور دیگر نے ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے پشاور ہائی کورٹ میں راہداری اور حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔4 مقدمات میں ضمانت کے لیے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 24 نومبر اسلام آباد احتجاج پر زرتاج گل کے خلاف 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ زرتاج گل کے خلاف اور بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن کی ہمیں معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن راہداری ضمانت کے لیے ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما کنول شوذب اور  خدیجہ شاہ نے بھی راہداری ضمانت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم نے بھی مقدمات کی تفصیل کے لیے درخواست دائر کی ہے، جس پر سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے آفتاب عالم کو 24 دسمبرتک حفاظتی ضمانت دے دی اور درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے مقدمات کی تفصیل طلب کرلی۔

پی ٹی آئی رہنما ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی  نے بھی مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے 24 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی اور وفاقی حکومت سے مقدمات کی تفصیل طلب کرلی۔

Load Next Story