جناح اسپتال کراچی میں ڈاکٹرز کا احتجاج، او پی ڈیز کا بائیکاٹ

احتجاج ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی معطلی کیخلاف کیا گیا


دعا عباس December 04, 2024

کراچی:

جناح اسپتال میں ڈاکٹر تنظیموں نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی معطلی کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر شاہد رسول نے اسپتال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ان کی تعیناتی پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے، مظاہرین نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اسپتال کے حوالے سے پالیسی کو ہم آہنگ کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے کہا کہ جناح اسپتال ایک معاہدے کے تحت صوبے کا حصہ بنا لیکن یہاں درجنوں پوسٹیں خالی ہیں۔ کچھ عناصر ذاتی مفاد کی خاطر اسپتال کا نظام درہم برہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسپتال کی بہتری اور مریضوں کے مفاد کے لیے کام جاری رہے گا۔

اسپتال کے شعبہ امراض نسواں کے سربراہ ڈاکٹر نگہت شاہ نے کہا کہ انتظامی عہدوں سے افسران کو ہٹانے سے مسائل پیدا ہوں گے، جو فیکلٹی یہاں آئی ہے اس سے اسپتال میں بہتری آئے گی۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر عمر سلطان نے کہا کہ کچھ لوگ قانونی کیس کررہے ہیں جس سے ان کے اپنے وارڈز متاثر ہو رہے ہیں، ہم اپنے مطالبات کے حق میں عدالت بھی جائیں گے اور کل سے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں