لاہور:
150 سے زائد وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
پولیس کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ کاہنہ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 150 سے زائد وارداتوں میں ملوث انتہائی خطرناک ڈاکو عمران عرف مانی بلوچ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس ٹیم ملزمان کو ان کے ساتھیوں کی گرفتاری اور ریکوری کے لیے کاہنہ لے جارہی تھی کہ 4 نامعلوم ملزمان نے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں ڈاکو عمران عرف مانی بلوچ شدید زخمی ہو گیا اور اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔
ڈی ایس پی سید حسین حیدر کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، رابری،نقب زنی جیسی 150 سے زائد خطرناک وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے تاہم سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔