سمندر میں شکار کرتی شارکس کا منظر سال کی بہترین تصویر قرار
مالدیپ کے پانی میں شکاری اور شکار کی یہ ڈرون سے لی گئی تصویر نے عالمی مقابلہ جیت لیا ہے۔
شارک مچھلیوں کے حملے کی ایک حیرت انگیز تصویر نے رواں سال کے رائل سوسائٹی پبلشنگ فوٹوگرافی مقابلے میں سب سے پہلا انعام حاصل کیا ہے۔
رائل سوسائٹی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق جرمنی کے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیوئیر کی پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچر اور فوٹوگرافر انجیلا البی کو ڈرون پائلٹ اگست پاؤلا نے سلور سائیڈ مچھلیوں اور چار نوجوان شارکس کی تصویر کھینچنے میں مدد فراہم کی۔
البی نے پریس ریلیز میں کہا، "سورج طلوع ہونے کے بعد اور غروب آفتاب سے پہلے مالدیپ کے پانی ایک صاف و شفاف سطح بن جاتے ہیں۔ یہ وہ لمحات بھی ہیں جب ہم ریف شارک اور ان کے شکار کے درمیان تعامل کا بہترین مشاہدہ کرسکتے ہیں۔
تصویر میں سِلور سائیڈ مچھلیوں کا جتھا دکھایا گیا ہے جو تقریباً کامل ہم آہنگی میں حرکت کرتا ہے اور پھر شارک سے بچنے کے لیے الگ ہوجاتا ہے۔