طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آ رہے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کا اعلان


ویب ڈیسک December 04, 2024

لاہور:

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ طلبہ یونیورسٹیز میں اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک پر نہیں اس لیے طلبہ کے ہاتھ میں پتھر یا ڈنڈے نہیں دیکھنا چاہتی۔

اسکالرز شپ اسکیم کے افتتاح سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہونہار طلبہ و طالبات کی تعلیم میری ذمہ داری ہے اور اصل سیاستدان وہی ہوتا ہے جو نئی نسل پر سرمایہ کاری کرے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کی پہچان نہیں بلکہ پاکستان کی پہچان طلبہ ہیں، یہ چہرہ ڈی چوک پر بیٹھ کر ڈنڈے اور پتھر چلانے کے بجائے کالج و یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتا ہی اچھا لگتا ہے۔ ہم میں سے کوئی نہیں چاہے گا کہ طلبہ کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کے دوران پاکستان کے دورے پر آئے بیلاروس کے صدر ملک کا کیا چہرہ لیکر واپس گئے ہوں گے، ہونا یہ چاہیے تھا کہ بیلاروس کے صدر کو پاکستان کے تعلیمی اداروں کا دورہ کروایا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا تو وہ آپ تک کیوں نہیں پہنچا، اگر وہ پیسہ آپ تک پہنچ جاتا تو کروڑوں بچے تعلیم یافتہ ہوتے۔ وزیراعلیٰ آفس میں اب ایسی وزیراعلیٰ ہے جو آپ کے مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ایسا منصوبہ لا رہے ہیں جس میں کروڑ روپے تک کا قرض دیا جائے گا تاکہ آپ اپنا کوئی کاروبار کر سکیں تاکہ اپنے والدین پر بوجھ نہ بنیں۔ بلا سود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا تاکہ آپ ذہنی سکون کے ساتھ کام کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکالر شپ کے لیے 70ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، صوبے میں طلبہ کو 30ہزار اسکالر شپ دی جا رہی ہیں، 18 ہزار طلبا اور 12ہزار طالبات کو اسکالر شپ دی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جنوری سے دوبارہ لیپ ٹاپ اسکیم لے کر آرہے ہیں لیکن لیپ ٹاپ ہو یا دیگر ضروریات طلبہ کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے، کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ ہو پھر بھی بلاتفریق اسکالر شپ ملے گی۔ ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے وسائل نہ رکھنے والے طلبا کے خواب حقیقت بنیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں کوئی تعیناتی بغیر میرٹ کے نہیں کی گئی۔

ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کی تقریب

قبل ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ میں چیک تقسیم کرکے ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

پنجاب یونیورسٹی میں تلاوت قران پاک سے تقریب کا آغاز ہوا، جی سی یونیورسٹی کی میوزیکل سوسائٹی گروپ نے قومی ترانہ پیش کیا اور کلام اقبال پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جی سی یو کے طلبہ سے اظہار شفقت کیا۔ ہونہار اسکالرز شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے ہونہار اسکالرز شپ اسکیم کی تفصیلات بیان کیں۔

ڈاکٹر فرخ نوید نے کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی 15 پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی اسکالر شپ کی حامل ہوں گے، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈر بھی اسکالرز شپ حاصل کر سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں