وزیراعلیٰ بلوچستان کی مقامی انویسٹرز کو چینی سرمایہ کاروں کی طرز پر فول پروف سکیورٹی کی پیشکش
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو چینی طرز پر فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔
فیڈریشن ہاؤس کراچی میں بلوچستان بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے تعاون سے بلوچستان بزنس اینڈ انوسمنٹ کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، ارکان اسمبلی، سینئیر عہدیداران اور بلوچستان کی ممتاز کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئی شک نہیں بلوچستان کے لوگوں کو پورے پاکستان میں محبت ملتی ہے، بلوچستان کی ترقی میں 210 ارب روپے کا بجٹ ناکافی ہے، بلوچستان کو کاروباری برادری ہی ترقی دے سکتی ہے، بلوچستان کے معاملے میں نیشنل کاز کو منافع سے زیادہ اہمیت حاصل ہے، تاجر اور سرمایہ کار اس قومی کاز کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار اپنے سرمائے کا تحفظ اور محفوظ ماحول درکار ہوتا ہے، اسکی ذمہ داری ہم پرعائد ہوتی ہے، اس ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، چینی سرمایہ کاروں کی طرز پر مقامی سرمایہ کاروں کو بھی فول پروف سیکیورٹی مہیا کرسکتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ توانائی دوسری اہم ضرورت ہے، سرمایہ کاری کے لیے بلوچستان کے پاس گیس کے وسیع ذخائر کے علاؤہ سولر اور ونڈ انرجی کا بہت پوٹینشل ہے، یہ سارے کام تاجر برادری کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دس ہزار ایکڑ زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صنعتی زون کے قیام کے لیے مہیا کریں گے، 9 ماہ سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو تیزی سے فروغ دے رہے ہیں، سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔
عاطف اکرم شیخ، ناصر خان
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرم شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور بلوچستان بورڈ آف انویسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے مابین ایم او یو پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور پرائیوٹ سیکٹر کے تعاون سے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر انوسمنٹ کو فروغ دینے، انڈسٹری لگانے اور کاروبار دوست پالیسیاں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف پی سی سی آئی اپنے ممبران کو بلوچستان میں سرمایہ کاری اور انڈسٹری لگانے کی ترغیب دے گی۔
نائب صدر ایف پی سی سی آئی ناصر خان نے کہا کہ بینک آف بلوچستان قائم کیا جائے تاکہ بلوچستان میں انڈسٹری لگانے کے لئے سرمایہ میسر آسکے، بلوچستان میں 5000 ایکڑ پر مشتمل ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بنایا جائے، بلوچستان میں معدنیات اور زراعت کا بہت زیادہ اسکوپ موجود ہے۔
ایس ایم تنویر
ایس ایم تنویر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دورہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ بلوچستان کی معیشت سے کتنے سنجیدہ ہیں، سرفراز بگٹی جیسا چیف منسٹر زندگی میں نہیں دیکھا، بلوچستان چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور تمام وعدوں پر نوٹیفکیشن چوبیس گھنٹوں میں جاری کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 25 ملازمتوں کے لیے 28 ہزار اُمیدواروں نے درخواستیں دیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ نہ کچھ غلط ہے، بلوچستان کے یہ حالات دیکھ کر خوف محسوس ہوا، بلوچستان میں معدنیات زراعت گیس پورٹ ٹورزم سمیت بہت پوٹینشل ہے، کہنا آسان ہے کہ اسمگلنگ ہورہی ہے لیکن ہمیں روزگار فراہم کرنا ہے۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ بلوچستان کو ریڈ زون میں ڈالا گیا، بینک نہیں ہے کوئی اور کسی کے پاس بینک کا کارڈ ہے، بلوچستان میں بینک نہیں ہوں گے تو کاروبار اور انڈسٹری کیسے لگے گی، بلوچستان بینک کے قیام سے بلوچستان میں صنعتی ترقی کا عمل شروع ہوگا، ہم بلوچستان کی معیشت کو بہت آگے لے جاسکتے ہیں۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار ملے گا تو کوئی نوجوان غلط راستہ اختیار نہیں کرے گا، بلوچستان میں تاجر کا بیٹا اغوا ہے اس کو بازیاب کرایا جائے، مغوی کی بازیابی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔