لاہور:
چیئرمین پی سی بی نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں ایک کروڑ روپے انعام کا چیک پیش کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فاتح قومی ٹیم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی دعوت پر پی سی بی کے دفتر پہنچی۔ اس موقع پر انہوں نے پی سی بی کی طرف سے کھلاڑیوں کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا جب کہ دو کروڑ روپے کے جو اخراجات ہوئے ان کی ادائیگی بھی بذریعہ چیک کی گئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ ہم نے کم وقت میں اپنی ٹیموں میں چیزیں بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، سی ای او کو کہہ دیا ہے کہ ہم اونر شپ دیں گے، جس طرح انڈر 19، پاکستانی شاہین اور ویمن کرکٹ اہم ہے اس طرح ہمارے لیے بلائنڈ کرکٹ بھی ہے، تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے، کھلاڑیوں کو کوئی بھی مدد درکار ہوگی انہیں فراہم کریں گے، امید ہے آپ لوگ آگے آنے والے میچز بھی اسی طرح جیتیں گے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سمیت دیگر بڑے ایونٹس آگے آرہے ہیں امید ہے اللہ تعالیٰ اس میں بھی ہمیں کامیاب کرے گا۔
انہوں بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کی اور کہا کہ آپ لوگ ایونٹ میں سات کے سات میچز جیتے اور ناقابل شکست رہے۔