جہاں بل جمع نہیں ہوگا وہاں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی ہو سکتی ہے، سی ای او کے الیکٹرک
کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا ہے کہ جہاں بل جمع نہیں ہوگا وہاں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا فیاض بٹ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہوئے۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی اور کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران کے الیکٹرک کے سی ای او اور ارکان اسمبلی کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔
رکن کمیٹی عامر صدیقی نے کہا کہ کراچی میں 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ یہاں لوڈ شیڈنگ کا کوئی قانون ہی نہیں ہے۔ نیپرا قانون پر عمل نہیں کروا رہا۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ جہاں پر بل جمع نہیں ہوگا وہاں 18 گھنٹے بھی لوڈ شیڈنگ ہو سکتی ہے۔ 30 سے 40 فیصد لوگ بل ادا نہیں کرتے۔ ہم ہزاروں لوگوں کی بجلی کاٹ نہیں سکتے ۔ ہم بجلی کاٹنے جاتے ہیں تو ہمارے ملازمین پر حملے ہوتے ہیں۔