سوات:
خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو نشانہ بنایا، جن میں سے تین جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے علاقے گھڑی عثمانی خیل میں دشمنی کے معاملے پر مسلح افراد نے مخالف فریق پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جن کی شناخت نذر گل، عبداللہ اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور زخمیوں کو طبی امداد جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ واقعہ ذاتی دشمنی کی وجہ سے پیش آیا اور اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔