پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر اہلیہ سے طلاق اور خلع کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
حالیہ انٹرویو کے دوران جب ان سے ان کی علیحدگی کے بارے میں سوال کیا گیا تو وہ جذباتی ہوگئے اور کہا کہ ان کے اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔
فردوس جمال نے انٹرویو میں کہا، "میں نے اپنے خاندان کو نہیں چھوڑا، خون کے رشتے کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے کہ کوئی آ کر پھاڑ دے۔"
ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں اور اہلیہ کے ساتھ تعلقات مضبوط ہیں۔ اگرچہ کچھ شکایات موجود ہیں، لیکن یہ کسی بھی تعلق کا حصہ ہیں۔
سینئر اداکار نے مزید کہا کہ، "میری اہلیہ نے میری زندگی میں بہت قربانیاں دی ہیں اور بچوں کی شاندار تربیت کی ہے۔ مجھے خلع یا علیحدگی کے بارے میں کوئی علم نہیں۔ اگر ایسا کچھ ہونا ہوتا تو یہ کب کا ہو چکا ہوتا۔"
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے ایک ویڈیو بیان میں اپنی والدہ کے خلع لینے کی تصدیق کی تھی، تاہم فردوس جمال نے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ "چار بچوں کی موجودگی میں طلاق جیسی چھچھوری حرکتیں کرنا میرے شایان شان نہیں۔"