ایک کورا سفید کینوس رواں ہفتے جرمنی میں نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ فن پارے کی فروخت 15 لاکھ ڈالر (41 کروڑ 70 لاکھ روپے) سے زیادہ قیمت میں متوقع ہے۔
امریکی پینٹر رابرٹ رائمن نے General 52″ x 52″ نامی یہ پینٹنگ 1970 میں بنائی تھی جس کو 6 اور 7 دسمبر کو برلن کے کیٹرر کنسٹ آکشن ہاؤس میں نیلام کیا جائے گا۔
یہ فن پارہ مکمل طور پر کورا ہے لیکن اس کے کناروں پر ایک گہرے سفید کلر کا بارڈر موجود ہے جس کو سفید انامل اور اناملک رنگوں سے رنگا گیا ہے۔ ان رنگوں سے عموماً دھاتوں کو رنگا جاتا ہے۔
نیلام گھر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ فن پارہ اچھی حالت میں ہے لیکن حساس ہونے کی وجہ سے نیلامی سے قبل نہیں لایا جا سکتا۔
رابرٹ رائمن (جو 2019 میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے) اپنے تجرباتی کاموں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔
انہوں نے آرٹ کی کوئی باقاعدہ ٹریننگ حاصل نہیں کی۔ وہ ایک جاز پیانسٹ تھے جنہوں نے نیو یارک میں میوزیم آف ماڈرن آرٹ کا سیکیورٹی گارڈ بننے کے بعد پینٹنگ بطور مشغلہ شروع کی۔