بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گولڈن ٹیمپل میں سکھ رہنما سکھبیر سنگھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکھوں کی تنظیم ’’اکالی دل‘‘ کے رہنما سکھبیر سنگھ پر پر امرتسر میں مقدس ترین مقام گولڈن ٹیمپل میں فائرنگ کی گئی۔
حملے کے وقت 62 سالہ سکھبیر سنگھ سزا کے طور پر گولڈن ٹیمپل کے داخلی دروازے پر نیزہ لیے بیٹھے تھے۔
قاتلانہ حملے میں سکھبیر سنگھ بال بال بچ گئے اور موقع پر موجود شہریوں نے حملہ آور کو اسلحہ سمیت پکڑ لیا۔ جس کی شناخت نارائن سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔
تاحال حملے کے محرکات کا علم نہیں ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تفتیشی عمل جاری ہے۔
سکھبیر سنگھ کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ سکھبیر سنگھ 2009 سے 2017 تک بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ رہے تھے۔
اس دوران ان کی جماعت کی جانب سے کی جانے والی غلطیوں کے اعتراف میں سکھبیر سنگھ کو گولڈن ٹیپمل میں زائرین کی خدمت جیسے جوتے صاف کرنے اور برتن دھونے کی سزا دی گئی تھی۔