راولپنڈی:
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک کارروائی کے دوران 5 خوارج کو ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 4 دسمبر کو ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ’آپریشن کے نتیجے میں پانچ خوارج کو جہنم واصل جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے‘۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔