کے پی حکومت اور فریقین میں اجلاس: ٹل-کوہاٹ روڈ پر آئندہ کوئی احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ

مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرّم کے دونوں فریق اور گرینڈ جرگہ عنقریب کوہاٹ میں معقول جنگ بندی پر معاہدہ کریں گے

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے ہنگو اور اورکزئی کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کے ہمراہ ہنگو میں گرینڈ جرگہ کے ممبران اور کوہاٹ ڈویژن امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس میں اہم مشاورت کی گئی۔

ہنگو میں گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اجلاس میں ٹل-کوہاٹ روڈ پر آئندہ کوئی بھی احتجاج نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا جس میں یہ بات بھی طے کی گئی کہ خلاف ورزی کرنے پر پولیس قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کرے گی جبکہ کرّم کے مسئلے پر ہنگو، کوہاٹ اور اورکزئی میں کسی قسم کے جلسے یا جلوس نہیں ہوں گے۔

گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ کرّم کے دونوں فریق اور گرینڈ جرگہ عنقریب کوہاٹ میں معقول جنگ بندی پر معاہدہ کریں گے اور افہام و تفہیم سے مسئلہ کا مستقل حل نکالیں گے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا نے ضلع کرم میں سڑک کی بندش سے ادویات کی قلت کے معاملے پر فوری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا اور علاقے میں ضروری ادویات کی ہنگامی بنیادوں پر ترسیل کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر فراہم کردیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ہیلی کاپٹر آج  ضروری ادویات کے دو کنسائنمنٹ لے کر کرم پہنچ گیا ان ادویات میں 63 لاکھ روپے مالیت کے جان بچانے والی اور دیگر ضروری ادویات شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر روزانہ کی بنیاد پر ادویات سپلائی کرے گا جبکہ مشیر صحت اور سیکرٹری صحت کرم میں ضروری ادویات کی فراہمی کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ضروری ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، صوبائی حکومت علاقے میں ادویات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔

Load Next Story