پی ٹی آئی کا گورنر خیبر پختونخوا کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

عدم شرکت کافیصلہ پیپلزپارٹی کی جانب سے نہتے اور پرامن شہریوں کے قتلِ عام میں خاموش سہولتکاری کے پیش نظر کیا گیا،ترجمان


ویب ڈیسک December 04, 2024

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے 5 دسمبرکو طلب کردہ کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ 

ترجمان پی ٹی  آئی و مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے مطابق اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ مظلوم، نہتے اور پرامن شہریوں کے قتلِ عام میں خاموش سہولتکاری کرنے اور سیاسی اجرت کے عوض قاتلوں کی ہمنوائی کے پیشِ نظر کیا گیا۔ 

پیپلزپارٹی تحریک انصاف پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی سرگرم پشت پناہ ہے جس نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

ایک طرف پیپلز پارٹی خصوصاً سندھ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ اور ان کی بدترین ہراسگی میں بڑھ چڑھ کر مصروف ہے اور دوسری جانب بےجان نمائشی مجالس منعقد کرکے اپنی جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے۔ 

پیپلزپارٹی کا خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندگی پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے اور تحریک انصاف اس ذمہ داری کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔

 ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے ایشوز کے حل پر پختونخوا حکومت کلیتاً سنجیدہ ہے بلکہ وفاق کی ریشہ دارانیوں اور معاونت کے بغیر بھی الحمدللہ پیچیدہ ترین معاملات کو سیاسی بالغ نظری اور مؤثر انتظامی اقدامات سے حل کرنے میں مصروف ہے۔ صوبے میں منعقد کردہ پختون اور کرم جرگے اس کی کلیدی مثالیں ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ  تجاویز و رائے صوبائی حکومت کو بھجوائیں گے تو صوبائی حکومت ضرور اسے زیرِ غور لائے گی۔ 
 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں