پی ٹی آئی کی دشمنی پاکستان سے ہے یہ اربوں روپے دے کر ملک کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، شرجیل میمن
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی دشمنی پاکستان سے ہے پاکستان کو بدنام کرنے کی انٹرنیشنل سازش ہے لیکن ہمارے تمام ادارے مضبوط ہیں اس لیے سازش کامیاب نہیں ہو گی یہ اربوں روپے دے کر پاکستان کو ٹارگٹ کر رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ان خیالات کا اظہار احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر لیڈر اور رہنما الگ الگ باتیں کررہا ہے۔ جب بھی ملک میں اہم شخصیات آرہی ہوتی اس طرح کا ڈرامہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ ان لوگوں کو خوشی ہوتی ہے اگر پاکستان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ گنڈا پور نے اسمبلی کے فلور پر کہا کہ ہتھیار اور پیسہ ہے، ہم لڑیں گے، یہ کس سے لڑنے کی بات کر رہے ہیں آپ نے لڑنا ہے تو دہشتگردوں سے لڑیں، آپ حکومت سے لڑنے کے لیے کیسے ہتھیار اٹھا سکتے ہیں اس سے بڑا غیر ذمے دارانہ بیان کوئی اور نہیں ہو سکتا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے اربوں روپے لابسٹ کو دیے ہوئے ہیں یہ لابسٹ پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھے ۔ پی ٹی آئی کی حمایت میں کبھی طالبان، کبھی اسرائیل نے بیان دیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد میں لاشوں کی نام پر سیاست کر رہی ہے جھوٹ کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ خود نہیں چاہتی کہ بانیٔ پی ٹی آئی جیل سے باہر آئیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت روٹی، کپڑا اور مکان کے وعدے پر عمل پیرا ہے، 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہے ہیں۔ 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورس کروا رہے ہیں، آئی ٹی کے معاملے میں ہم تھوڑے پیچھے رہ گئے ہیں، کراچی، جامشورو اور سکھر میں آئی ٹی کورس کروائیں جائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ میں یلو لائن اور بی آر ٹی پر کام جاری ہے۔ بی آر ٹی پروجیکٹس شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔ کراچی میں دو میگا پروجیکٹ جاری ہیں۔ ملیر ایکسپریس وے اگلے سال کھول دیا جائے گا۔
اس سے پہلے کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو سنیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کی درخواست پر فیصلہ 6 دسمبر تک موخر کردیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ نیب قوانین میں تبدیلی کے بعد یہ ریفرنس نیب کورٹ کے دائرہ سماعت میں نہیں آتا۔ نیب رپورٹ کے مطابق شرجیل میمن نے 5 سو 51 ملین کے غیر قانونی اثاثے بنائے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ میں یہ تو نہیں بتایا کہ کونسی پراپرٹی کب اور کتنے کی خریدی گئی۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ شرجیل میمن کے اثاثوں کی کل قیمت 16 کروڑ ہے۔اگر نیب کی بات مان لیں تو آمدن نکال کر یہ مالیت 34 کروڑ بنتی ہے۔ 50 کروڑ سے کم مالیت کا کیس نیب کورٹ میں نہیں سنا جاسکتا۔