معروف اداکار نانا پاٹیکر نے فلم ونواس کے لیے گلوکاری کا ہنر بھی آزمایا۔ اس فلم کی ہدایتکاری، پروڈکشن اور تحریر انیل شرما نے کی ہے، اور یہ انسانی رشتوں کی گہرائیوں کو ایک نئے انداز میں پیش کرتی ہے۔
ونواس کا شاندار ٹریلر ایک بڑے ایونٹ میں ریلیز کیا گیا، جہاں نانا پاٹیکر، اتکرش شرما، اور سمرت کور نے شرکت کی۔ ٹریلر نے شائقین کو جذباتی سفر کی ایک جھلک دکھائی، جو انسانی تعلقات، محبت، اور قبولیت کے گرد گھومتی ہے۔
اس ایونٹ کی خاص بات نانا پاٹیکر کی گلوکاری رہی، جہاں انہوں نے مشہور گلوکار شان کے ساتھ اسٹیج پر گانا گایا۔ شان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نانا پاٹیکر نے فلم کے ایک گانے کے لیے اپنی آواز دی ہے، جو یقینی طور پر شائقین کے لیے ایک دلچسپ پہلو ہوگا۔
فلم کے ٹیزر ریلیز سے پہلے، نانا پاٹیکر نے سوشل میڈیا پر اس فلم کو اپنی بہترین پراجیکٹس میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے لکھا: "ونواس کی پوری جَرنی میرے لیے بہت ہی یادگار رہی۔ یہ آج تک کی میری بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔"
ونواس، جس میں اتکرش شرما اور سمرت کور اہم کردار ادا کر رہے ہیں، 20 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ یہ فلم انیل شرما کے بینر زی اسٹوڈیوز کے تحت ریلیز ہوگی۔