ABBOTTABAD:
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گولی چلی ہے اس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہیے، پورے پاکستان سے کارکنوں کا ڈیٹا اکھٹا کر رہے ہیں۔
ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جاں بحق کارکنوں کے گھروں میں حاضری دینے آیا تھا، ان کے لواحقین کے لیے مالی امداد اور ان کی فیملی کو ملازمتیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گولی چلی ہے اس کی تحقیقات ضرور ہونی چاہیے، جاں بحق کارکنوں کی ایف آئی آرکے لیے رٹ پٹیشن دائر کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کے مطابق پی ٹی آئی کے 9 سوورکرگرفتار ہیں، ہم نے سیل بنائے ہیں تمام ڈیٹا جمع کر رہے ہیں، وفاقی حکومت ہمیں ڈیٹا فراہم نہیں کر رہی مگر ہم پورے پاکستان سے کارکنوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ جیل میں ہیں، ان کے کھانے پینے اور بستر کا بندو بست کر رہے ہیں، ہم نے کمیٹی بنا دی ہے جو کسی بھی احتجاج کے لیے پالیسی بنائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پیغام امانت سمجھ کرعوام کو آگاہ کرتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کاسیاست میں آںے کا کوئی ارادہ نہیں، وہ اگر کہیں احتجاج کا حصہ بنتی ہیں تو صرف کارکنوں کے لیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ علی امین نے کبھی احتجاج میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے۔
قبل ازیں بیرسٹرگوہر ایبٹ آباد پہنچے اور ایم این اے علی اصغراورایم پی اے افتخاراحمد کے ہمراہ جاں بحق کارکن عبدالقادر کی قبر پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے جاں بحق کارکن کی رہائش گاہ پرلواحقین سے تعزیت کی اور سوگوار خاندان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔