تحریک لبیک کو بڑا دھچکا، اٹک کے دو ٹکٹ ہولڈرز کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

ٹی ایل پی کے ٹکٹ ہولڈر ملک امانت راول اور ٹکٹ ہولڈر سید عاطف حسین شاہ ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل


ویب ڈیسک December 04, 2024

گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ضلع اٹک کے تحریک لبیک کی سیاسی و نامور شخصیات کے ہمراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ٹی ایل پی کی اہم شخصیات کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر بلاول بھٹو نے ان کو خوش آمدید کہا۔

بلاول بھٹو سے ملاقات میں گورنر سردار سلیم حیدر خان کے ہمراہ تحریک لبیک کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 4 ملک امانت راول اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 5 سید عاطف حسین شاہ گیلانی نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں نئے جذبے اور ولولے سے متحرک کردیا گیا ہے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے شامل ہونے والے راہنماؤں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام خاص طور پر نوجوان قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم پاکستان بنائیں گے، اس موقع پر راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے پیپلزپارٹی آئندہ جنرل الیکشن میں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں واضع اکثریت حاصل کرے گی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو پنجاب کے تمام اضلاع میں پیپلز پارٹی کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں