کراچی:
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ڈوبنے والے بھارتی بحری جہاز کے عملے کے 12 افراد کو ریسکیو کرلیا۔
ریسکیو آپریشن میں پاکستان کے سرچ اینڈ ریسکیو (SAR) زون میں ہندوستانی مال بردار جہاز MSV AL PIRANIPIR کے ڈوبنے کے بعد 12 زندہ بچ جانے والے کریو کو ریسکیو کیا۔ ریسکیو آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے شپس ، بوٹس اور ایئر کرافٹ نے حصہ لیا۔
4 دسمبر کو تقریباً 10:20 بجے، میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) پاکستان کو ایم آر سی سی ممبئی (انڈیا) کی جانب سے ایک فوری ای میل موصول ہوئی جس میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے بچ جانے والوں کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے مدد کی درخواست کی گئی تھی۔
تیز ردعمل اور موثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے تمام 12 بچ جانے والے کریو کو بچالیا گیا، جس نے بین الاقوامی SAR ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے PMSA کے عزم کو ظاہر کیا۔
یہ آپریشن کسی بھی قومیت کے بغیر، سمندری ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے PMSA کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نشاندہی کرتا ہے، سمندر میں حفاظت اور بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔