پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کا سمندر میں کامیاب آپریشن، ڈوبنے والے بھارتی جہاز کے عملے کو بچا لیا

پاکستان کے ریسکیو زون میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے ڈوبنے کے بعد 12 زندہ بچ جانے والے کریو کو ریسکیو کیا گیا


اسٹاف رپورٹر December 04, 2024

پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نےگہرے سمندر میں کامیاب میری ٹائم ریسکیو آپریشن کے دوران ڈوبنے والے ہندوستانی جہاز پر سوار عملے  کے 12 افراد  کو بچا لیا۔

ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بدھ کی صبح میری ٹائم ریسکیو آپریشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا جس میں پاکستان کے سرچ اینڈ ریسکیو زون میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے ڈوبنے کے بعد 12 زندہ بچ جانے والے کریو کو ریسکیو کیا، ریسکیو آپریشن میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے شپس، بوٹس اور ایئر کرافٹ نے حصہ لیا۔

ترجمان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق تقریباً 10 بجے کے قریب میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر پاکستان کو ایم آر سی سی ممبئی (انڈیا) کی جانب سے ایک فوری ای میل موصول ہوئی جس میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے بچ جانے والوں کو تلاش کرنے اور بچانے کے لیے مدد کی درخواست کی گئی،تیز ردعمل اور موثر رابطہ کاری کے نتیجے میں ہندوستانی مال بردار جہاز کے تمام 12 بچ جانے والے کریو کو بچالیا گیا،جس نے بین الاقوامی سرچ اینڈ ریسکیو کی ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے پی ایم ایس اے کے عزم کو ظاہر کیا۔

یہ آپریشن کسی بھی قومیت کے بغیر سمندری ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نشاندہی کرتا ہے اور سمندر میں حفاظت اور بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں